You are currently viewing پاکستان اور امریکہ کی باہمی تجارت میں 17.34 فیصد اضافہ ہواہے،سٹیٹ بینک آف پاکستان

پاکستان اور امریکہ کی باہمی تجارت میں 17.34 فیصد اضافہ ہواہے،سٹیٹ بینک آف پاکستان

اسلام آباد(ڈیسک)پاکستان اور امریکہ کی باہمی تجارت میں 17.34 فیصد اضافہ ہواہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں جولائی تا دسمبر کے دوران پاک امریکہ دوطرفہ تجارت میں 17.34 فیصد اضافہ ہوا ہے( اس دوران پاکستان کے حق میں مثبت تجارتی توازن 1286.735 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر کے دوران پاکستان کے حق میں تجارتی توازن کا حجم 1096.551 ملین ڈالر رہا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاک امریکہ باہمی تجارت کے پاکستان کے حق میں مثبت توازن میں 190.184 ملین ڈالر یعنی 17فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں امریکہ کو کی جانے والی مجموعی برآمدات میں 9.94 فیصد اضافہ سے برآمدات کا حجم 2074.080 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 2280.318 ملین ڈالر تک بڑھگیا۔

ادھر دسمبر 2019 کے مقابلہ میں دسمبر 2020 کے دوران بھی پاکستان کی امریکہ کو کی جانے والی برآمدات میں 28.86 فیصد نمایاں اضافہ ہونے سے برآمدات کی مالیت 329.616ملین ڈالر کے مقابلہ میں 424.754 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ نومبر 2020کے مقابلہ میں بھی قومی برآمدات میں 7.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران امریکہ سے کی جانے والی درآمدات میں 1.64 فیصد معمولی اضافہ سے درآمدات کی مالیت 977.529 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 993.583 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔ واضح رہے کہ امریکہ کو کی جانے والی برآمدات میں 10 فیصد کے قریب جبکہ درآمدات میں 1.6 فیصد اضافہ کے نتیجہ میں پاکستان کے حق میں تجارتی توازن میں 17 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.