You are currently viewing پاکستان آئند ہ برس 4500 افغان طلبا کو وظائف فراہم کرے گا، محمد صادق

پاکستان آئند ہ برس 4500 افغان طلبا کو وظائف فراہم کرے گا، محمد صادق

اسلام آباد (ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور افغانستان امور کے خصوصی نمائندے محمد صادق نے کہا ہےکہ حکومت پاکستان اگلے سال افغانستان کے مزید 4500 طلبا کو تعلیمی وظائف فراہم کرے گی اس سے قبل 6000 کے قریب افغان طلبا پاکستان کی صف اول کی جامعات سے میڈیکل، انجینئرنگ اور سوشل سائنسز سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں افغانستان بین الوزارتی رابطہ سیل کے اجلاس میں بتائی۔ افغانستان کے وزیر صحت ڈاکٹر عباد کی قیادت میں اعلی سطح کے وفد نے پاکستانی حکام سے ملاقات کی اور پاک افغان تعلقات اور تعلیم اور صحت کے شعبے میں افغان شہریوں کے لیے پاکستان کی مدد پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کو صحت کے شعبے میں ایک ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کر رہا ہے اور افغانستان کے تین بڑے اسپتالوں کو اپ گریڈ کر رہا ہے جس میں اگلے چھ شعبے شامل ہیں جن میں ہیمو ڈائیلائسز، یورالوجی، اینڈوسکوپی، آپریشن رومز، کریٹیکل کیئر سینٹرز اور ریڈیالوجی کے شعبے شامل ہیں۔ حکومت پاکستان تینوں اسپتالوں کے عملے کو تنخواہیں فراہم کرے گی اور ان اسپتالوں کی اپ گریڈیشن اس مالیاتی پیکیج میں شامل کی جائے گی جن میں کابل کا جناح اسپتال، لوگر کا نائب امین اسپتال اور جلال آباد کا نشتر اسپتال شامل ہے۔ افغان وزیر صحت ڈاکٹر عباد نے اس مشکل گھڑی میں حکومت پاکستان کی کوششوں اور تعاون کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن اور ترقی کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے۔