You are currently viewing پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں نے زوم پر زلزلہ متاثرین کیلئے 3 لاکھ 65 ہزار ڈالر جمع کر لیے

پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں نے زوم پر زلزلہ متاثرین کیلئے 3 لاکھ 65 ہزار ڈالر جمع کر لیے

واشنگٹن(ڈیسک)پاکستانی نژادامریکی ڈاکٹروں نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے زوم ٹیلی تھون کے دوران 365ہزار ڈالر کی امداد جمع کر لی۔
پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے پاکستانی تارکین وطن سے اپنے ترک بھائیوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے دل کھول کر امداد کرنے کی اپیل کی، انہوں نے کہا کہ ترک بھائیوں کا دکھ ہمارا دکھ ہے اور ان کی تکلیف ہماری تکلیف ہے۔
ورچوئل ٹیلی تھون میں شریک ترک سفیر حسن مورت میر کن نے شرکا کو ترکیہ میں زلزلے کے باعث بڑے پیمانے پر ہونے والے تباہی سے آگاہ کیا، انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں فوری اور فراخدلانہ مدد اور تعاون پر پاکستان کی حکومت اور عوام بالخصوص امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ ہمارے دل ترکیہ حکومت اور عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں جوگزشتہ سو سال کے تباہ کن زلزلوں میں سے ایک اور چار گنا بڑی قدرتی آفت سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے زلزلے میں جانی اور مالی نقصان پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور پوری قوم سے اظہار افسوس کیا۔
سفیر مسعود خان نے پاکستانی نژاد نارتھ امریکہ کے معالجین کی ایسوسی ایشن (اے پی پی این اے) اور اس کی قیادت کی جانب سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی کے لیے ٹیلی تھون کے انعقاد کو سراہا۔