اسلام آباد (ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یوم مزدور پاکستانی افرادی قوت کی طاقت، کردار، قابلیت اور اپنے ملک کو دنیا میں ایک خوشحال اور ترقی پسند قوم بنانے کے لیے لگن کی علامت ہے
قوم ان تمام محنت کشوں کی شکر گزار ہے جنہوں نے پاکستان کی ترقی کے عمل میں اپنا پسینہ اور خون دیا،مزدوروں نے ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں مدد کی۔اتوار کو صدر مملکت نے یکم مئی یومِ مزدور پراپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پورے پاکستان کے محنت کشوں کو سلام پیش کرتا ہوں، ان کی بھلائی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہوں،قوم کی جانب سے ان محنت کش مرد اور خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے قربانیاں اور خدمات انجام دیں،یوم مزدور پاکستانی افرادی قوت کی طاقت، کردار، قابلیت اور اپنے ملک کو دنیا میں ایک خوشحال اور ترقی پسند قوم بنانے کے لیے لگن کی علامت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قوم ان تمام محنت کشوں کی شکر گزار ہے جنہوں نے پاکستان کی ترقی کے عمل میں اپنا پسینہ اور خون دیا، مزدوروں نے ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں مدد کی،آج ہم تمام محنت کشوں اور ان کے خاندانوں کے لیے ایک سازگار ماحول اور اعلی معیار زندگی فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، محنت ہی میں عظمت پر ہمارا یقین پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے، ایک خوشحال اور مطمئن افرادی قوت ہی ملک کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان نے اپنی لیبر فورس کی فلاح و بہبود کے لیے سماجی تحفظ کے پروگراموں کے ذریعے اقدامات کیے، پاکستان میں مزدوروں کو ہیلتھ انشورنس، خوراک، پناہ اور مالی امداد فراہم کی گئی، کم از کم اجرت میں اضافہ ہوا، آج کی انتہائی مسابقتی دنیا میں آگے بڑھنے کا واحد راستہ جدید ترین تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ افرادی قوت ہے،پاکستان کو اپنی افرادی قوت کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، ہنر مند افرادی قوت سے علاقائی انضمام میں اضافے کے نتیجے میں ابھرتے ہوئے معاشی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنے مزدوروں کیلئے ابھی مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، تمام محنت کشوں کو مناسب حقوق فراہم کرنے کے لیے مسلسل جدو جہد اور توجہ کی ضرورت ہے۔