You are currently viewing پاکستانیوں کے قتل کا اعتراف: بھارتی وزیر کے بیان پر پاکستان کی مذمت

پاکستانیوں کے قتل کا اعتراف: بھارتی وزیر کے بیان پر پاکستان کی مذمت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان نے بھارت کی پاکستانی شہریوں کو قتل کروانے کی سازش بے نقاب ہونے اور بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے مزید پاکستانیوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کے بیان کی شدید مذمت کی ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستانی شہریوں کے قتل کے حوالے سے یہی پالیسی ہے۔
راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھارت ہر اس پاکستانی کو قتل کرے گا جو ہمارے ملک میں کسی بھی قسم کی دہشت گردانہ کارروائی کی کوشش کرے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کی پرانی عادت ہے کہ وہ اپنے مسائل کو حل کرنے کے بجائے پاکستان پر الزامات عائد کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت دھمکیاں دیتا اور اپنی سیاست کو چمکاتا ہے، جس طرح بھارت نے پاکستان میں ماورائے عدالت قتل کی کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے، بہت جلد دیگر ممالک میں بھی اس قسم کا اعتراف کرے گا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ دیگر ممالک میں بھی اپنے ایجنٹوں کے ذریعے شہریوں کو قتل کیا ہے، بھارت نے جس طرح کے ریمبو اسٹائل اقدامات خطے اور پاکستان کے خلاف شروع کر رکھے ہیں یہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل برطانوی جریدے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے 2020 سے اب تک پاکستان میں 20 شہریوں کو قتل کیا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.