You are currently viewing پاور پلے میں ابتدائی وکٹیں لینے اور ڈاٹ ڈیلیوری سے دبائو پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہوں

پاور پلے میں ابتدائی وکٹیں لینے اور ڈاٹ ڈیلیوری سے دبائو پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہوں

  • Post author:
  • Post category:پاکستان / کھیل
  • Post last modified:05/02/2023 16:49
  • Reading time:1 mins read

کراچی (ڈیسک) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز کے فاسٹ بالر محمد عامر نے کہا ہے کہ ایک نئی گیند کے بالر کے طور پر ٹیم میں میرا کردار پاور پلے میں ابتدائی وکٹیں لینا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہدف کا دفاع کرتے ہوئے میں اپنی بائولنگ میں ڈاٹ ڈیلیوری کرکے دبائو پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہوں کیونکہ اگر میں وکٹ لینے کے لیے جاتا ہوں تو میری گیند پر بائونڈری بھی لگ سکتی ہے اور ٹیم اس کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کامیابی کے منتر، ایک اننگز کے مختلف مراحل کے لیے بائولنگ کی حکمت عملی اور پاکستان کی فاسٹ بائولنگ پر پی ایس ایل کے اثرات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سمجھناہوتا ہے کہ پچ بحیثیت بولر آپ سے کیا مطالبہ کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بولر اس بات کی فکر نہ کریں کہ کون سے بلے باز اسٹرائیک پر ہیںبلکہ اس کے بجائے اندازہ لگائیں کہ وکٹ پر آپ کو کیا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پچ پر سوئنگ ہے تو میں فل لینتھ پر انحصار کرتا ہوں لیکن اگر پچ سست ہے تو میں آف کٹر کو اپنی اسٹاک گیند کے طور پر استعمال کروں گا۔
محمد عامر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں پہلے2اوورز کے علاوہ بالرز کو کھیلنے کے لیے بہت زیادہ سوئنگ نہیں ہوتی، اس لیے آپ کو ایک مضبوط پلان بی کے ساتھ میدان میں آنا ہوگا۔
یاد رہے کہ کراچی کنگز کے دیرینہ رکن محمد عامر ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں جب انہوں نے 2016میں دبئی میں لاہور قلندرز کے ڈیوین برائوو، زوہیب خان اور کیون کوپر کو لگاتار 3 گیندوں پر آئوٹ کیا۔
انہوں نے 54وکٹیں حاصل کیں اور اپنے 59میچوںکے ایچ بی ایل پی ایس ایل کیریئر میں 6 میڈان اوور بھی کروائے جو ٹورنامنٹ میں کسی بھی بالر کے سب سے زیادہ میڈان اوور ہیں۔