لاہور (ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج سے پانچ سال قبل ملک و قوم کے ساتھ کھیل کھیلا گیا، ملک کے اربوں روپے لوٹ لئے گئے، ان اربوں کا حساب کس سے لیں گے
صوبائی دار الحکومت لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جب قرض مانگنے بیرونی دوروں پر جاتےہیں تو ہمیں شرم آتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایسے منصوبے شروع کیے گئے جن میں قوم کی دولت کو لوٹا گیا، برباد کیا گیا، ان کی کسی کو پروا نہیں ہے، از خود نوٹس لینے والی عدلیہ اس پر کیوں نوٹس نہیں لیتی ۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے ساتھ ظلم و زیادتی کی گئی، اس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
شہباز شریف نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا سفر محنت، عزم، پاسداری اور شوق سے طے کیا جاتا ہے، جادو کی چھڑی گھمانے سے ملک ترقی نہیں کیا کرتے، ہمارے اچھے منصوبوں کو تباہ کر دیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ آج بھی لاہور میں عوامی فلاح کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے، ان منصوبوں پر 50ارب روپے لاگت آئے گی، یہ سب عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبے ہیں۔