You are currently viewing پالیسیوں پر عمل درآمد کیلیے پاکستان کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں، آئی ایم ایف

پالیسیوں پر عمل درآمد کیلیے پاکستان کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں، آئی ایم ایف

اسلام آباد (ڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے کلی معیشت کے استحکام کی خاطر درکار پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے وزیراعظم پاکستان کے عزم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اندرونی اور بیرونی عدم توازن کو دور کرنے کے لیے پالیسی اقدامات پر خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے۔
یہ بات آئی ایم ایف کی جانب سے آئی ایم ایف مشن کے دورے کے اختتام پر جاری ہونے والے بیان میں کہی گئی۔ بیان میں کہاگیاہے کہ ناتھن پورٹر کی قیادت میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مشن نے 31 جنوری سے 9 فروری کے دوران اسلام آباد کا دورہ کیا اورآئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت نویں جائزے کے تحت بات چیت کی۔ بیان میں آئی ایم ایف کی کلی معیشت کے استحکام کی خاطر درکار پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے وزیراعظم پاکستان کے عزم کا خیرمقدم کیا گیا اور تعمیری بات چیت کے لیے پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ بات چیت میں پاکستان میں اندرونی اور بیرونی عدم توازن کو دور کرنے کے لیے پالیسی اقدامات پر خاطر خواہ پیش رفت ہوئی۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بات چیت میں محصولات کے لیے مستقل اقدامات کے ساتھ مالیاتی پوزیشن کو مضبوط بنانا، غیر اہدافی زر تلافیوں میں کمی، معاشرے کے معاشی طور پر کمزور طبقات اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے سماجی تحفظ کو بڑھانا، زر مبادلہ کی کمی کو بتدریج ختم کرنے کے لیے زر مبادلہ کی شرح کو مارکیٹ کے مطابق کرنا، گردشی قرضے کو مزید جمع ہونے سے روکنے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور پالیسیوں کے نفاذ پر توجہ مرکوز کی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پالیسیوں کے نفاذ کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے آنے والے دنوں میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل بات چیت جاری رہے گی۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7