اسلام آباد (ڈیسک) سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی پارٹی جبری ختم نہیں کروائی جا سکتی، پارٹیاں صرف اس طرح ختم ہوتی ہیں جیسے پی ڈی ایم ختم ہو رہی ہے، پی ڈی ایم کا ووٹ بینک ختم ہو رہا ہے، پی ڈی ایم کی سیاست عوام کے سامنے کھل کر سامنے آ گئی ہے۔
احتساب عدالت میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کے لیے پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لوگ پی ٹی آئی کو ہر گز نہیں چھوڑ رہے، بلکہ پارٹی ان سے چھڑوائی جا رہی ہے، انھوں نے کہا کہ یہ کہنا زیادہ مناسب ہو گا کہ کنپٹی پر بندوق رکھ کر پارٹی چھڑوا رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ میں تو سیاست دانوں اور اسٹیبلشمنٹ کا ظلم سہہ رہا ہوں مگر میں پی ٹی آئی کے کارکنان اور خواتین کے لیے پریشان ہوں ، جس طرح کارکنان اور خواتین کے ساتھ سلوک کیا جارہا ہے وہ دنیا کی کسی جمہوریت میں نہیں ہوتا۔
