شارجہ (ڈیسک) پاکستان اور افغانستان کے مابین کھیلی گئی تین میچز پر مشتمل ٹی 20سیریز افغانستان نے 1-2 سے اپنے نام کر لی مگر تیسرا میچ جیت کر پاکستانی ٹیم کی خفت کچھ کم ہو گئی۔
تیسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 66رنز سے شکست دے دی۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، پاکستان ٹیم نے مقررہ 20اوور کھیلتے ہوئے 182رنز بنائے جب کہ 7کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔
صائم ایوب ایک رن کی کمی سے نصف سنچری سے محروم رہے، افتخار 31، شاداب 28، عبداللہ 23رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، عماد نے 13اور طیب نے 10رنز بنائے۔
افغان کھلاڑی مجیب نے 2جب کہ دیگر بالرز نے 1-1وکٹ حاصل کی۔
183کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے افغان ٹیم 116رنز بنا کر 18.3اوور میں آل آئوٹ ہو گئی۔
افغان بیٹر عظمت 21، رحمان 18، محمد نبی 17، کپتان راشد 16، عثمان 15، اور صدیق 11رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان اور احسان اللہ نے 3,3وکٹیں حاصل کیں، عماد، زمان اور وسیم نے 1,1کھلاڑی کا شکار کیا۔