راولپنڈی (ڈیسک) پانچ میچوں کی ٹی 20سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 6وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 194رنز کے ہدف کو نیوزی لینڈ ٹیم نے بآسانی 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 193رنز اسکور کیے۔ کپتان بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر اچھی پارٹنر شپ کا آغاز کیا مگر بابر 19رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
محمد رضوان نے 98رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، افتخار 36اور عماد وسیم نے 31رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کے بلیئر ٹکنر نے تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ اش سودھی نے ایک کھلاڑی آئوٹ کیا۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کھیل کا آغاز کیا تو شاہین آفریدی نے ول ینگ کو محض 4رنز اور ٹام لیتھم کو صفر پر آئوٹ کر کے حریف ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کر دیں، مگر اس کے بعد آنے والے بیٹس مینوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مارک چیپمین نے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی سینچری اسکور کرتے ہوئے 104رنز بنائے، دوسرے نمبر پر جمی نیشم رہے جنھوں نے 45رنز بنائے، چیڈبوز 19 اور ڈیرل مچل 15 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور عماد وسیم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس طرح پانچ میچوں کی یہ سیریز 2-2سے برابر ہو گئی جب کہ ایک میچ بارش کی نذر ہو کر ٹائی ہو گیا۔