You are currently viewing ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز: پاکستان ویمنز ٹیم نیوزی لینڈ روانہ

ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز: پاکستان ویمنز ٹیم نیوزی لینڈ روانہ

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان ویمنز کا 17 رکنی اسکواڈ 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل کی سیریز کھیلنے کے لیے ندا ڈار کی قیادت میں براستہ دبئی نیوزی لینڈ روانہ ہو گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 3، 5 اور 9 دسمبر کو ڈنیڈن اور کوئنز ٹاؤن میں کھیلے جائیں گے۔
ون ڈے انٹرنیشنل میچز کوئنز ٹاؤن اور کرائسٹ چرچ میں 12 سے 18 دسمبر کے درمیان ہوں گے۔
قومی اسکواڈ کی قیادت کپتان ندا ڈار کریں گے جبکہ ٹیم میں عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا اور غلام فاطمہ شامل ہوں گی۔
قومی ٹیم کے اسکواڈ میں دو وکٹ کیپر منیبہ علی اور نجیہہ علوی کے علاوہ نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین اور ام ہانی سمیت وحیدہ اختر بھی شامل ہیں۔
پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل کراچی میں چار روزہ ٹریننگ کیمپ میں حصہ لیا اور بھرپور پریکٹس کی۔
اس موقع پر کپتان ندا ڈار کا کہنا تھا کہ بطور کپتان مجھے اپنی کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے، ہماری کھلاڑیوں نے حال ہی میں جنوبی افریقا کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائی تھی اور ہماری دو کھلاڑی نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں ابتدائی دس کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز آئی سی سی کی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔