لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کردیا۔
پی سی بی کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ فیصلہ دورہ آسٹریلیا 24-2023 کے لیے پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے سے ان کے انکار کی تحقیقات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
پی سی بی کی ایک کمیٹی کی طرف سے مکمل سماعت کے بعد اور معاملے میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کے خیالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ یکم دسمبر 2023 سے ختم کردیا گیا ہے اور انہیں 30 جون 2024 تک کسی بھی غیر ملکی لیگ میں کھیلنے کی این او سی جاری نہیں کی جائے گی۔
پی سی بی انتظامیہ نے 30 جنوری 2024 کو انصاف کے اصولوں کے مطابق حارث رؤف کو سماعت کا موقع فراہم کیا تھا تاہم ان کا جواب غیر تسلی بخش پایا گیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے اعزاز کی بات ہے، کسی بھی طبی رپورٹ یا معقول وجہ کی عدم موجودگی میں پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے سے انکار سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی ہے۔