You are currently viewing ٹک ٹاک پر نئے رجحان “#bedrot” کی غیر معمولی مقبولیت، ہزاروں تصاویر، وڈیوز وائرل

ٹک ٹاک پر نئے رجحان “#bedrot” کی غیر معمولی مقبولیت، ہزاروں تصاویر، وڈیوز وائرل

نیویارک (ڈیسک) آج کل سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر ایک نیا رجحان جنم لے چکا ہے جس کا نام بیڈ روٹ دیا گیا ہے۔
اس رجحان میں لوگ اپنا زیادہ وقت بستر پر ہی گزار رہے ہیں، بستر پر بیٹھے بیٹھے کھانا کھا رہے ہیں، ٹی وی دیکھ رہے، کتاب پڑھ رہے ہیں یا پھر لیپ ٹاپ پر اسکول یا کالج کا کام کررہے ہیں لیکن بستر سے نیچے نہیں اترتے۔
دنیا بھر میں نئی نسل کے نمائندہ لوگوں نے اس رجحان کو فالو کیا ہے اور اپنی ہزاروں تصاویر اور وڈیوز اپ لوڈ کی ہیں۔
“#bedrot” کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹرینڈ پانے والا یہ طرز عمل طبی ، سماجی و معاشرتی لحاظ سے بالکل درست نہیں ہے۔ بسترپرپڑے رہنے کے اس ٹرینڈ میں لوگ دن کا زیادہ تروقت بستر پر موجود رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
اس ٹرینڈ پر عمل کرتے ہوئے لوگ مختلف فلموں یا ڈراموں کی اقساط تسلسل کے ساتھ دیکھتے ہیں، دوستوں سے فون پر طویل دورانئے کی باتیں کرتے ہیں اور بستر میں بیٹھے بیٹھے کھاتے اور پیتے دکھائی دیتے ہیں، البتہ انہیں رفع حاجت کے لیے ضرور بستر سے علیحدہ ہونا پڑتا ہے ۔
اس حوالے سے ماہرین نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوئی اچھا رجحان نہیں کیونکہ اس سے جسمانی اور دماغی عارضے لاحق ہوسکتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ ورزش، جسمانی سرگرمی اور نقل و حرکت انسانی جسم کے لیے بہت ضروری ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق اس عمل سے نوجوانوں کی نیند شدید متاثر ہوسکتی ہے اور اس کے دوررس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔