ہیلسنکی(ڈیسک) دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار بحری جہاز کا آزمائشی سفر جاری ہے۔
’آئکن آف دی سیس‘ نامی یہ بحری جہاز مشہور زمانہ مسافر بردار شپ ٹائٹینک سے پانچ گنا بڑا ہے جو پانچ ہزار چھ سو دس مسافروں کی گنجائش کا حامل ہے۔
دنیا کے سب سے بڑے اور لگژری بحری جہاز کی آزمائش کھلے سمندروں میں کی جا رہی ہے تا کہ اسے ہر طرح سےمحفوظ بنایا جا سکے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسے اکتوبر میں کمپنی کے حوالے کیا جائے گا، پڑتال کے مراحل سے گزرنے کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ سال جنوری میں یہ عام مسافروں کے لیے دستیاب ہو گا۔
1200فٹ طویل کروزشپ کا وزن 250,800ٹن ہے، جسے سمندروں میں سینکڑوں میل تک چلایا جا چکا ہے، اس کے تمام ٹیسٹ جیسا کہ انجن، بریک، شور کم کرنے کے نظام، تھرتھراہٹ اور اسٹیرنگ کو ہرطریقے سے جانچا جارہا ہے، دنیا کے بہترین انجینئرز کی ٹیم جہاز کے محفوظ ہونے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
بحری جہاز پر موجود کریو(اسٹاف) کی تعداد 2350نفوس پر مشتمل ہے، یہی وجہ ہے اسے دنیا کا سب سے بڑا مسافربردار بحری جہاز کہا جا رہا ہے، سہولتوں کے لحاظ سے اس میں واٹرپارک، سلائیڈز اور شاندار سوئمنگ پول موجود ہیں، اسے فن لینڈ کی ایک کمپنی نے تعمیرکیا ہے۔