You are currently viewing وفاقی کابینہ کا ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان

وفاقی کابینہ کا ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان

اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی کابینہ نے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے جاری اعلامیے کے مطابق وفاق کے گریڈ 18 سے گریڈ 22 کے افسران ایک دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، شہباز شریف نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہزاروں افراد کی اموات پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے ریلیف فنڈ قائم کر دیا ہے، عوام ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، ترکیہ 2022 کے تاریخی سیلاب میں پاکستانی بھائیوں کی مدد میں پیش پیش رہا۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے ترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے، میں بذات خود کل زلزلہ زدہ علاقوں کے دورے کے لیے ترکیہ روانہ ہو رہا ہوں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں فوری امدادی سرگرمیوں میں ہاتھ بٹانے کے لیے ترکیہ روانہ کیں۔ان کا کہنا تھا کہ زلزلہ زدگان بہن بھائیوں کی پاکستان ہر ممکن مدد کرے گا، مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم ترکیہ اور شام کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وفاقی کابینہ نے زلزلے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور اہل خانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کی۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.