اسلام آباد(ڈیسک) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ اتوار کو داسو ڈیم پہنچ گئے، چیئرمین واپڈا نوید اصغر چوہدری، پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی و دیگر حکام بھی ہمراہ ہیں۔
چیئرمین واپڈا نے وفاقی وزیر خورشید شاہ کو داسو ڈیم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نئے ڈیموں کے لیے 105 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ پانی و بجلی کے زیر تعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل کے اقدامات اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خوشحال مستقبل پانی و بجلی کے بڑے منصوبوں سے جڑا ہے۔اس موقع پر انہوں نے داسو ڈیم منصوبے کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ وفاقی وزیر آبی وسائل بھاشا ڈیم کا دورہ بھی کریں گے۔