لاہور (ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے وزیر اعلی پنجاب کے حلف کیخلاف دائر انٹرا کورٹ اپیلوں پر صدر مملکت اور گورنر پنجاب کو بذریعہ سیکرٹری فریق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت بدھ تک ملتوی کردی۔
فاضل بینچ نے تحریک انصاف کے وکیل کو ہدایت کی کہ اپیل میں ترمیم کر کے صدر اور گورنر کو فریق بنائیں ہم صدر اور گورنر کو بھی سننا چاہتے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سبطین خان و دیگر پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی اپیل پر سماعت کی۔پانچ رکنی لارجر بینچ میں جسٹس شاہد جمیل خان،جسٹس شہرام سرور چوہدری،جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس طارق سلیم شیخ شامل ہیں۔منگل کو سماعت پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد،ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ، پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل جواد یعقوب پیش ہوئے۔ سماعت کے آغاز پر عدالت نے درخواست گذار کے وکیل اظہر صدیق سے استفسار کیا کہ آپ نے ایک اپیل میں گورنر کو فریق بنایا مگر صدر کو کیوں نہیں بنایا؟ وکیل پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا کہ درخواست میں صدر فریق نہیں تھے اس لیے انٹرا کورٹ اپیل میں بھی فریق نہیں بنایا۔ فاضل بینچ نے سماعت کل (بدھ تک) ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلا کو بحث کے لئیے دوبارہ طلب کر لیا۔فاضل بینچ نے روزانہ کی بنیاد پر سماعت شروع کر رکھی ہے۔