اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سندھ کے وزیراعلی مراد علی شاہ کو جعلی بینک اکاؤنٹس میں اومنی گروپ کے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کے کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش ہونا چاہیے۔
پیر کو نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے جو کہ کرپٹ افراد کے کیسز کی تحقیقات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانیوں میں ملوث کوئی بھی شخص احتسابی عمل سے نہیں بچ سکتا۔ وزیر نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) سپریم کورٹ کی طرف سے جعلی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی تھی اور یہ موجودہ حکومت کی طرف سے نہیں بنائی گئی تھی۔ یہ وہی اعلی عدالت ہے جس نے نیب کو ہدایت کی ہے کہ وہ جے آئی ٹی کی رپورٹ پر دو مہنیوں کے اندر تحقیقات مکمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی حیران کن بات ہے کہ جب بھی تحقیقاتی اداروں کی طرف سے آصف علی زرداری اور نواز شریف سے کرپشن بارے پرچھا جائے تو دونوں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہونے کا شور و غوغا کرتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) دونوں ہی مہمند ڈیم کی تعمیر میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔