اسلام آباد(ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان آج (جمعرات کو) اسلام آباد میں رحمت العالمین سکالرشپ پروگرام کا آغاز کریں گے۔
وزیر ا عظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملکی نظام تعلیم میں اصلاحات کی جامع پالیسی کے ضمن میں حکومت نے رحمت العالمین سکالرشپ پروگرام کے تحت ملک بھر میں کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لئے متعدد سکالرشپ پروگراموں کا اعلان کیا ہے۔ رحمت العالمین سکالرشپ پروگرام ایک قومی پروگرام ہے جس کا ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے وفاقی سطح پر کم آمدنی والے گھرانوں کے طلبہ کو انڈرگریجویٹ تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کے لئے آغاز کیا جارہا ہے۔ اس پروگرام کے لئے 27.93 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی ہے جو اگلے 5 سالوں میں استعمال ہوگا۔ اس پروگرام کو ملک بھر کی 129 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں نافذ کیا جائے گا۔ قومی سطح پر رحمت العالمین سکالرشپ پروگرام کے علاوہ صوبے بھی صوبائی سطح پر رحمت العالمین سکالرشپ پروگراموں پر عمل پیرا ہیں۔ پنجاب میں اس پروگرام کے لئے منظور شدہ کل بجٹ سالانہ 1 ارب روپے ہے۔ رحمت العالمین سکالرشپ پروگرام صوبہ خیبرپختونخوا میں بھی پیش کیا جائے گا۔ خیبر پختونخواہ کے لئے کل بجٹ 427 ملین روپے ہے، اس میں موجودہ سکالرشپ پروگراموں کو شامل کیا جائے گا جن پر پہلے سے عمل درآمد ہو رہا ہے۔