اسلام آباد (ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہبازشریف وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں پہلی اسپورٹس یونیورسٹی کا افتتاح کر دیا، کھیلوں کے فروغ کیلئے پانچ ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود نوجوانوں نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا، پوری قوم ملک کا نام روشن کرنیوالوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزب، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری ،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزافاطمہ کے علاوہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹو کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا سرمایہ ہوتے ہیں، کروڑوں نوجوانوں کو اگر صحیح ماحول اور سہولیات میسر آئیں تو دنیا کی بہترین ٹیموں سے یہ آگے نکل سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 5ارب روپے کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی ضرویات ٹکٹس ، لاجسٹکس ، رہائش اور کٹس وغیرہ کے لیے دیے جائیں گے۔ یہ 5ارب روپے پورے ملک کے لئے آٹے میں نمک کے برابر ہیں، توقع ہے کہ آنے والی حکومتیں اس بجٹ کو بڑھائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی محنت اور جدوجہد سے پاکستان آگے بڑھے گا، نوجوانوں کے لئے جتنے وسائل درکار ہوئے مہیا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرمبادلہ ذخائر میں گزشتہ روز 60کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ، دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، چین کے بینک نے یہ رقم رول اوور کی،یہ معمولی بات نہیں، ہم احسان کرنے والوں کو یاد رکھتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ ہے ہیں ۔ ہمار ی دعا ہے کہ ان ذخائر میں قرضوں کی بجائے ہمارے خون پسینے اور محنت سے اضافہ ہو۔
وزیراعظم نے اس موقع پر چترال سے تعلق رکھنے والے ٹیبل ٹینس کے اسپیشل کھلاڑی الطاف الرحمان کو سپورٹس ویل چیئر کی خریداری کے لئے ساڑھے 3 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔وزیر اعظم نے سپیشل اولپکس میں تمغے حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو 50 لاکھ روپے کا چیک دیا۔