You are currently viewing وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

شرم الشیخ (ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان او رسعودی عرب کے مابین بڑھتے ہوئے اعلیٰ سطح کے روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید تقویت دینے کا عزم رکھتا ہے، سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے میں معاون ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا، دونوں رہنمائوں کے مابین ملاقات شرم الشیخ میں’’ کوپ -27 سمٹ‘‘ کے موقع پرہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ روابط کو بے حد اہمیت دیتا ہے جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے، ثقافت و اقدار اور باہمی حمایت کی لازوال روایت میں گہری ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ترقی اور عوام کے درمیان روابط کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے سعودی عرب کی امداد کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں ماحولیاتی سبب سے ہونے والے ضیاع اور نقصان کی مالی اعانت پر توجہ دینے کے حوالے سے ”کوپ -27“ کے ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emgerging content writter, who is writting for News Pakistan TV for quite some time now.