اسلام آباد (ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف(آج) جمعرات کو وزارتِ اطلاعات و نشریات اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے مابین ملکی میڈیا ہاسز سے منسلک صحافیوں اور میڈیا ورکرز اور فلم انڈسٹری سے منسلک فنکاروں اور تکنیکی کارکنان کے لیے صحت انشورنس کارڈ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
اس منصوبے کے تحت تمام اراکین کو صحت سے متعلق ہنگامی اخراجات کے لیے سالانہ 15لاکھ روپے کی صحت انشورنس مہیا کی جائے گی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم اسلام آباد میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے اور تقریب سے خطاب کریں گے۔
ان منصوبوں میں بھارہ کہو بائی پاس کا افتتاح اور سرینا چوک پر انڈر پاس کی تعمیر کا سنگِ بنیاد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم اسلام آباد میں ڈیجیٹل یوتھ ہب کا افتتاح کریں گے۔ جس کے تحت نوجوانوں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے تعلیم کی بین الاقوامی معیار کی سہولیات، روزگار، دیگر تعمیراتی سرگرمیوں اور ماحولیات کے حوالے سے آسان رسائی فراہم ہو گی۔