You are currently viewing وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی کا کراچی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی کا کراچی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کراچی میں گزشتہ شب خودکش دھماکے پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شہباز شریف نے بیان جاری کرتے ہوئے کراچی میں ایئر پورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں متاثر ہونے والے چینی باشندوں کے اہل خانہ، چینی قیادت اور عوام سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دعاگو ہوں کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد جلد صحت یاب ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ دھماکے میں ملوث عناصر پاکستانی نہیں ہو سکتے، یہ پاکستان کے دشمن ہیں، دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، ان عناصر کو شناخت کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اپنے چینی دوستوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، ہم ان کی سلامتی اور بہبود کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب کراچی ایئر پورٹ سگنل کے قریب زور دار دھماکے میں 2 چینی باشندوں اور ایک مقامی شخص سمیت 3 افراد ہلاک اور درجن بھر سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے کے زخمی مختلف اسپتالوں زیر علاج ہیں، دہشت گردی کا نشانہ بننے والی گاڑی میں غیر ملکی سوار تھے۔
دریں اثناء اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کراچی میں چینی شہریوں کو لے جانے والی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے۔
اسپیکر نے دھماکے میں 2 چینی شہریوں کے جانی نقصان اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم پاک چین دوستی سبوتاژ نہیں کرسکتے، دشمن ملک میں بے امنی پھیلانے کی گھناؤنی سازش میں مصروف ہے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.