You are currently viewing ورلڈ کپ :پاکستان اپنا نواں اور آخری میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا

ورلڈ کپ :پاکستان اپنا نواں اور آخری میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا

پونے (ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے 13ویں ایڈیشن میں کل د و میچز کھیلے جائیں گے۔
پہلا میچ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جو صبح 10 بجے شروع ہو گا۔
دوسرا میچ پاکستان اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان دن ایک بج کر 30منٹ پر شروع ہو گا۔
میگا ایونٹ میں کل (ہفتہ کو) دو میچوں کا فیصلہ ہوگا پہلا میچ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، پونے میں کھیلا جائے گا جو صبح دس بجے شروع ہو گا۔
دوسرے میچ میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایڈنز گارڈنز،کولکتہ کے مقام میں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ پاکستان ٹیم کا نواں اور آخری لیگ میچ ہوگا۔
میچ دن ایک بج کر 30منٹ پر شروع ہو گا، پاکستان کی ٹیم کو میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے کے لئے انگلینڈ کو بڑے مارجن سے جیتنا ضروری ہو گا۔
میزبان بھارت ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں پہلے ہی میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔
میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی دس ٹیموں میں میزبان بھارت ،عالمی چیمپئن انگلینڈ، پاکستان ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور سری لنکاشامل ہیں۔
عالمی چیمپئن انگلینڈ نے 2019 کے ورلڈ کپ فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان ، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔