You are currently viewing ورلڈ کپ: ڈی ایل ایس میتھڈ، پاکستان کو 41 اوور میں 342 رنز کا ہدف

ورلڈ کپ: ڈی ایل ایس میتھڈ، پاکستان کو 41 اوور میں 342 رنز کا ہدف

بنگلورو (نیوز ڈیسک) آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے 35 ویں میچ میں پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 41 اوور میں 342 رن کا ہدف مل گیا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے 402 رن کے ہدف کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 160 رن بنائے تھے تاہم بارش کے باعث میچ روکا گیا تھا اور اب ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت پاکستان کو جیت کے لیے 41 اوور میں 342 رن بنانا ہوں گے۔
قبل ازیں پاکستان نے 21.3 اوور میں ایک وکٹ پر 160 رن بنائے تھے، نیوزی لینڈ نے 21 اوور میں ایک وکٹ پر 133 رن بنائے تھے، پاکستان ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر 10 رن آگے تھا۔
یاد رہے کہ آج کا یہ اہم میچ بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں کھیلا جارہا ہے جہاں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 11 رنز پر گری اور عبداللہ شفیق صرف 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
ایک وکٹ کے بعد بابراعظم اور فخر زمان نے کریز سنبھالی اور فخر زمان نے کیویز بیٹر کی خوب درگت بنائی۔
فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 9 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے کیرئیر کی 11 ویں سنچری بنائی جو ورلڈکپ میں ان کی پاکستان کی طرف سے تیز ترین سنچری ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے، اوپنر رچن رویندر نے 108 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان کین ولیمسن 95 پر آؤٹ ہوئے جب کہ اوپنر ڈیوون کانوے 35، ڈیرل مچیل 29، مارک چیپمین 39، گلین فلپس 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
مچیل سینٹنر 26 اور ٹام لیتم 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 3، حسن علی، افتخار احمد اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہے، دونوں کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی ہے۔