You are currently viewing والدین بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں، وزیراعظم

والدین بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں، وزیراعظم

اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر پولیو جیسے موزی مرض کاخاتمہ کریں گے اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔

جمعہ کو انسداد پولیو مہم کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے تما م پولیو ورکرز اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو خطرات مول لے کر اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اپنے فرائض سرانجام دے رہیہیں۔ ا س موقع پر وزیراعظم نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا۔ وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پولیو خطرناک مرض ہے جو بچوں کو معذوری میں مبتلاکرسکتاہے اس لئے تمام والدین اپنے5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں اورقوم کے نونہالان کا مستقبل بنائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں پولیو کا خاتمہ ہوچکاہے، پاکستان میں بھی یہ مرض دم توڑ چکا تھا لیکن بدقسمتی سے بعض علاقوں میں پولیو کے دوبارہ سامنے آئے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاق اور صوبے مل کر پولیو کاخاتمہ کریں گے اور اجتماعی بصیر ت اور قوت کو بروئے کارلاتے ہوئے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔ وزیراعظم نے پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا جو پاکستان کے طول و عرض میں ہر طرح کے حالات اور دشوار گزار علاقوں میں تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے بچوں کو گھر گھر جاکر پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کی قربانی دینے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیرصحت، وزیراعلی سندھ، تمام صوبائی حکومتوں بشمول کشمیر و گلگت بلتستان کابھی شکریہ اداکیا کہ وہ پولیو کے خلاف مہم میں بھرپور کردار اداکررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کارخیر میں حصہ لینیوالے تمام اداروں اورتنظیموں کا بھی شکریہ اداکیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اجتماعی کوششوں کو بروئے کار لا کر اللہ کے فضل و کرم سے اس مرض کا خاتمہ کریں گے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.