اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی۔
ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان مذاکرات گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ایم کیو ایم کو گورنر سندھ سے متعلق یقین دہانی کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق (ن) لیگ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان جس کا نام دے گی اسے گورنر سندھ مقرر کیا جائے گا۔
ایم کیو ایم کے اندرونی ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کے لیے کامران ٹیسوری کا نام دیے جانے کا قوی امکان ہے۔
قبل ازیں اس قسم کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ (ن) لیگ نے ایم کیو ایم پاکستان کو وفاق میں 3 وزارتیں دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
دریں اثناء ایم کیو ایم پاکستان نے بھی حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر رابطہ کمیٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔