You are currently viewing ن لیگ کا مارچ لانگ نہیں، شارٹ مارچ ہے، حسان خاور

ن لیگ کا مارچ لانگ نہیں، شارٹ مارچ ہے، حسان خاور

لاہور(ڈیسک)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ لاہور سے 3000 سے زائد  گاڑیاں، 300 کوچز کے علاوہ تنظیم کے 15 ہزار اور 50 ہزار سے زائد انفرادی افراد کا قافلہ اسلام آباد کیلئے روانہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج تحریک انصاف کے تاریخی جلسہ کی صورت میں پاکستان کی جیت ہونے جا رہی ہے اور کرپشن کا باب ہمیشہ کیلئے بند ہونے والا ہے۔ تحریک انصاف لاہور چیپٹر کی قیادت کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسان خاور نے مزید کہا کہ پاکستان کے سیاسی سٹیج پر چند ایسے اداکار ہیں جو گزشتہ کئی دھائیوں سے ایک دوسرے کی عزت اچھالتے رہے مگر اب اپنے اپنے مفادات کیلئے اکٹھے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارے ایک ہی سکرپٹ کا حصہ ہیں جو جمہوریت کو پنپنے نہیں دینا چاہتے۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ آج (اتوار) کو تحریک انصاف کے جلسے میں عوام کا جوش و خروش بتائے گا کہ پاکستانی عوام نے 90 کی دھائی کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کے لٹیروں اور بھگوڑوں کو بتایا جائے گا کہ وزیر اعظم کا پاکستان ترقیاتی کاموں، صحت کارڈ، احساس پروگرام، معاشی استحکام کا خود مختار پاکستان ہے، آج واضح کیا جائے گا کہ ملکی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا نہ ہی کسی کو کرنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج پرانے پاکستان والوں کی سیاست کا باب بند ہو جائے گا اور لٹیروں پر واضح کر دیا جائے گا کہ ملک میں ہارس ٹریڈنگ کی کوئی جگہ نہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ پی ٹی آئی کا ٹرینڈ فالو کرتی ہے، اس نے ہر کام میں تحریک انصاف کو کاپی کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا مارچ لانگ نہیں شارٹ مارچ ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے دن گنے جا چکے ہیں، آنے والے دنوں میں یہ ایک دوسرے سے بھی منہ چھپاتے پھر رہے ہوں گے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.