You are currently viewing ن لیگی رہنما نہال ہاشمی دو بیٹوں سمیت گرفتار

ن لیگی رہنما نہال ہاشمی دو بیٹوں سمیت گرفتار

کراچی (ڈیسک) پاکستان مسلم  لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی  کو ان کے دو بیٹوں سمیت  پولیس سے جھگڑا کرنے اور تشدد کر نے  کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

گزشتہ شب ملیر سعود آباد کے علاقے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کے بیٹے  نصیر نہال اپنی گاڑی میں جارہے تھے کہ ان کی گاڑی ایک موٹر سائیکل سے ٹکراگئی جس پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ اس دوران پولیس وہاں پہنچی تو پولیس کے ساتھ ان کی تلخ کلامی ہوگئی جس پر پولیس انھیں تھانے لے آئی۔

پولیس حکام کے مطابق نہال ہاشمی کے بیٹے نصیر نہال کا کسی سے جھگڑا ہو رہا تھا، اسی دوران ایس ایچ او سعود آباد موقع پر پہنچ گئے، ایس ایچ او نے اہلکاروں کو معاملہ جاننے کے لیے بھیجا تو نصیر نہال نے پولیس اہلکاروں کو گالیاں دیں اور دھمکیاں دیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نصیر نہال کو تھانے لائی تو نہال ہاشمی اور ان کی اہلیہ تھانے پہنچ گئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کے احترام میں لچک دکھائی تو سینیٹر کے دونوں بیٹے مزید بدتمیزی کرنے لگے  اور ان دونوں نے تھانے میں پولیس اہلکاروں کو تھپڑ مارے، ان پر تشدد کیا اور ان کی وردیاں  پھاڑ دیں۔ ایس ایس پی کے مطابق پولیس نے ان کے اس عمل پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں بیٹوں کو لاک اپ کردیا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.