اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی مزید مہنگی کردی گئی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کے الیکٹرک صارفین پر ایک روپے 52 پیسے فی یونٹ سر چارج عائد کرنے کی منظوری دے دی۔
نیپرا اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت کی درخواست پر نیپرا نے اضافی سرچارج لگانے کی منظوری دی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک صارفین پر اضافی سر چارج دسمبر 2023 سے نومبر 2024 تک لاگو رہے گا۔
اضافی سرچارج سے کے الیکٹرک کے صارفین پر 24 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔
نیپرا نے منظوری کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کو بجھوا دیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت سرچارج عائد کرنے کا حتمی نوٹیفکیشن جاری کرے گی
اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔