You are currently viewing نیوی کے شوٹر نے آئی ایس ایس ایف چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

نیوی کے شوٹر نے آئی ایس ایس ایف چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

اسلام آباد (ڈیسک) پاکستان نیوی کے ایم سی پی او غلام مصطفیٰ بشیر نے قاہرہ، مصر میں منعقد ہونے والی پہلی انٹرنیشنل اسپورٹس شوٹنگ فیڈریشن (ISSF) رائفل/ پستول شوٹنگ چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

یہ چیمپئن شپ 2024 پیرس سمر اولمپکس کے لیے کوالیفائنگ ایونٹ کے طور پر منعقد کی گئی۔ پاکستان بحریہ کی جانب سے غلام مصطفیٰ بشیر اور رسام گل نے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل ایونٹ میں حصہ لیا اور چیمپئن شپ میں قومی پرچم کی نمائندگی کی۔ چیمپئن شپ کے دوران دونوں شوٹرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورغلام مصطفیٰ بشیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کانسی کا تمغہ حاصل کرکے غلام مصطفیٰ بشیرنے نہ صرف پیرس اولمپکس 2024 کے لیے کوالیفائی کیا بلکہ عالمی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن بھی حاصل کر لی۔ چیمپئن شپ میں 37 ممالک سے 77 شوٹرز نے حصہ لیا۔ وطن واپسی پر کراچی ایئر پورٹ پر دونوں شوٹرز کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔ پاکستان نیوی شوٹر کی کامیابی پاکستان میں شوٹنگ کو بطور کھیل فروغ دینے کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے بطورصدر نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان قومی شوٹرز کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں قوم کا نام مزید روشن کریں گے۔