اسلام آباد (ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر غیر ضروری تبصروں سے اجتناب برتا جائے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پالیسی کے تحت علاقائی عوامل اور سیکیورٹی پر سیمینارمنعقد کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور ڈپٹی نیشنل کمانڈ اتھارٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت وطن کے دفاع اور سالمیت کی ضمانت ہے، ایٹمی پروگرام کو پاکستان کے ہر شعبہ زندگی کے لوگوں کی حمایت حاصل ہے، سول اور ملٹری قیادت اسٹریٹجک پروگرام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنے نیوکلیئر پروگرام پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، قومی سیکیورٹی ناقابل تقسیم ہے ، پاکستان ذمہ دار اور پراعتماد نیوکلیئر ملک ہے، پاکستان کی پالیسی فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس ہے جو کہ قابل اعتماد ایٹمی توازن کے دائرہ کار میں ہے، ہمارا قومی سیکیورٹی اور سیفٹی میکنزم ہر قسم کے خطرے کے خلاف بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق ہے۔ جنرل ندیم رضا نے زور دیا کہ قومی اسٹریٹجک پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری تبصرے سے ہر صورت گریز کیا جائے، صرف نیشنل کمانڈ اتھارٹی ہی اسٹریٹجک پروگرام پر ریسپانس اور تبصرہ دینے کی مجاز ہے۔