لاہور (ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے لیے ہم اچھی تیاری کر رہے ہیں، یہ سیریز ایشیا کپ کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گی۔
گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں پاک کیویز ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی تقریب کے دوران نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہمارے نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے، نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے لیے ہم اچھی تیاری کر رہے ہیں ،ایشیا کپ کے لیے وقت اور کم میچ ہیں اور یہ سیریز اسی کی تیاری کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ رضوان اور میری جوڑی کا ساتھ جاری رہے گا، نوجوان بولر کے آنے کے بعد ہماری لائن اپ بہت مضبوط ہو گئی ہے، ورلڈ کپ کے لیے اور بھی کھلاڑی ٹرائی کر سکتے ہیں، لیکن یہ سیریز ورلڈکپ کے کمبی نیشن کے لیے بہت اہم ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی) نے مجھے اعتماد دیا ہے، اب میرا فوکس کپتانی سے ہٹ کر ہے۔سیریز ٹو سیریز ہم کوشش کرتے ہیں کہ اچھے سے اچھا کریں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوئی لکھوا کر تو نہیں آتا کہ اس نے ہی کپتانی کرنا ہے۔
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہمیں پرفارمنس پر فوکس کرنا ہے اس لیے میں ایسی چیزوں کو نظر انداز کرتا ہوں اور یہی بہتر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہے کہ کھلاڑیوں سے پرفارمنس لوں، خود بھی اچھا کھیلوں۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ سب نے بھرپور تیاری کی ہے، میگا ایونٹ سے پہلے سیریز بڑی اہم ہے، تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور ردھم میں ہیں، اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
پچز سے متعلق بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پچز کا معیار اچھا ہوتا جا رہا ہے، اب بھی وکٹ اچھی لگ رہی ہے۔
بیٹنگ آرڈر سے متعلق سوال کے جواب میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا اب تجربہ کرنے کا ارادہ نہیں، میں اور رضوان ہی اوپن کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں ایک سال رہ گیا، سیریز میں دیکھیں گے کہ کہاں کھڑے ہیں، اس سیریز سے ون ڈے سیریز کیلیے بھی مدد ملے گی۔
اس موقع پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں کئی میچ ونرز موجود ہیں ،سیریز ہمارے لیے چیلنج ہو گی،کیویز کو بہترین پیسرز اور سپنرز کا سامنا کرنا ہو گا۔