کراچی (ڈیسک) نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان دورے پر آج صبح کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئی، نیوزی لینڈ کرکٹ پلیئرز اور آفیشلز پر مشتمل اسکواڈ امارات ایئر لائن کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچا۔
اس سے قبل ٹیم امارات ایئر کے ذریعے سترہ گھنٹے کا سفر کر کے آکلینڈ سے دبئی پہنچی تھی، کراچی ایئر پورٹ پر ٹیم کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے، سندھ پولیس ایس ایس یو اور کراچی پولیس کے جوان الرٹ تھے۔
امارات کی پرواز ای کے 600صبح ساڑھے دس بجے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی، پاکستانی حکام کی جانب سے نیوزی لینڈ ٹیم کا بھرپور استقبال کیا گیا۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان دورے کے دوران دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز اور تین ون ڈے کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ 26دسمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 3جنوری کو ملتان میں ہو گا۔
دونوں ٹیموں کے مابین تین ایک روز میچز 10جنوری تا 14جنوری کراچی میں کھیلے جائیں گے،امید ہے کہ اس دوران کرکٹ کے شائقین کو اچھی تفریح میسر آئے گی۔