کراچی (ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں فتح کے لیے 262 رنز کا ہدف دے دیا۔
کیوی ٹیم 49.5 اوورز میں 261 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ، محمد نواز نے 38 رنز کے عوض 4 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ بدھ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بدھ کو نیوزی لینڈنے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 262 رنز کا ہدف دیا ہے،کیویز 49.5 اوورز میں 261 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے اپنی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور ان کی پہلی وکٹ پہلے اوور کی پانچویں گیند پر گری۔فن ایلن ایک رن بناکر نسیم شاہ کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے تاہم دوسری وکٹ کی شراکت میں ڈیون کونوے اور کپتان کین ویلیمسن نے 181 رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کا مجموعی سکور 183 رنز پر پہنچا تو کونوے اپنے کیرئیر کی دوسری سنچری مکمل کرنے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 92 گیندوں پر 13 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ڈیرل مچل اور وکٹ کیپر ٹام لیتھم بالترتیب 5 اور 2 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تاہم کپتان ویلیمسن نے ایک عمدہ اننگز کھیلی اور 100 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔مچل سینٹنرنے 40 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز بنائے اور وہ محمد وسیم کی تھرو پروکٹ کیپر محمدرضوان نے انہیں رن آئوٹ کیا۔گلین فلپس3،مائیکل بریسویل 8،اش سوڈھی 7اورٹم سائوتھی صفرپر آئوٹ ہوئے۔پاکستانی بالر محمد نواز نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 38 رنز عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ نسیم شاہ نے 8.4 اوورز میں57 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اسامہ میر نے 42 اور حارث رئوف نے 47 رنز دیکر ایک ایک وکٹ حاصل کی۔محمد وسیم اور آغا سلمان نے بالترتیب 46 اور 28 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔