کراچی (ڈیسک) کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا نام 5 سال کے لیے تبدیل کر کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا رکھ دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کے لیے قومی بینک سے معاہدہ کر لیا۔ معاہدے پر پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ اور بینک کے صدر اور سی ای او رحمت علی حسنی نے دستخط کیے اور یہ معاہدہ 5 سال کے لیے ہوا ہے۔ اس حوالے سے رمیز راجہ کا کہنا تھاکہ قومی بینک کا پی سی بی کے ساتھ جڑنا اعزاز ہے، اسٹیڈیمز مارکیٹنگ کا ایک شاندار طریقہ ہے اور دنیا بھرمیں اس کو اہمیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کرکٹ کا گڑھ ہے اور نیشنل اسٹیڈیم پاکستان کرکٹ کی تاریخ ہے۔ سی ای او نیشنل بینک کا کہنا تھاکہ ہماری بورڈ کے ساتھ پارٹنر شپ کی شروعات ہیں، قومی ادارے کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں، نیشنل اسٹیڈیم کے رائٹس لینا اعزاز ہے۔