راولپنڈی (نیوز ڈیسک) احتساب عدالت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبرتک توسیع کردی۔
اڈیالہ جیل میں قائم کی گئی خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف ریفرنس پر سماعت کی اس سلسلے میں ان کے وکلا اور نیب پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ توشہ خانہ کا نیا ریفرنس پہلے ریفرنس جیسا ہی ہے، ایک ہی طرح کے الزام میں 2 ریفرنس نہیں بنائے جاسکتے۔
اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دستاویزات سے ہی ثابت ہوسکتا ہے نیا ریفرنس پہلے سے مشابہت رکھتا ہے یا نہیں۔
اس دوران نیب پراسیکیوٹر نے توشہ خانہ کے پرانے ریفرنس کا جوڈیشل ریکارڈ منگوانے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
بعدازاں احتساب عدالت نے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 6 ستمبر تک ملتوی کردی۔