پشاور (نیوز ڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے نگراں وزیر ٹرانسپورٹ شاہد خٹک کو کابینہ سے ہٹانے کی دو سمریاں واپس بھیج دیں۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان نے صوبائی وزیر شاہد خٹک کو کابینہ سے ہٹانے کی دو سمریاں گورنر غلام علی کو بھیجیں۔
ایک سمری الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق کابینہ سے ہٹانے کے حوالے سے تھی جبکہ دوسری سمری شاہد خٹک کے استعفیٰ کو قبول کرنے سے متعلق تھی۔
ذرائع کے مطابق گورنر نے وزیراعلیٰ کو ایک سمری بھیجنے کی درخواست کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کو نگراں وزیر شاہد خٹک کو سیاسی جلسے میں شرکت کرنے پر کابینہ سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب نگراں وزیر شاہد خٹک نے وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کو اپنا استعفیٰ بھی ارسال کیا تھا۔
