You are currently viewing نوجوان ملک کا سرمایہ اور بہتر مستقبل کے ضامن ہیں، نوجوانوں کے عالمی دن پربلاول کا پیغام

نوجوان ملک کا سرمایہ اور بہتر مستقبل کے ضامن ہیں، نوجوانوں کے عالمی دن پربلاول کا پیغام

کراچی (ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ نوجوان ہیں، ہمارے نوجوان ملک کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں، نوجوان ہر چیلنج کا مقابلہ اور ہر شعبے میں قیادت کے لیے پرعزم ہیں،اب پاکستان کی ترقی کو کوئی روک نہیں سکے گا۔
میڈیا سیل بلاول ہاس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پورا یقین ہے، نوجوان نسل خوشحال، مضبوط اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے ہر شعبے اور محاذ پر قیادت کی صلاحیت رکھتی ہے،پاکستان ایک خوش نصیب ملک ہے کہ اس کی 63فیصد سے زائد آبادی 15سے 33سال کی عمر پر مشتمل ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائد عوام شہید بھٹو نے اپنے دورِ وزارتِ عظمیٰ میں نوجوانوں کو جتنی نوکریاں دیں، اس سے قبل کبھی ایسا نہیں ہوا تھا،قائدِ عوام نے پاکستانی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو دوست ممالک میں بھی روزگار دلوایا تھا،شہید بینظیر بھٹو کے متعلق تو زبان زد عام تھا کہ “بینظیر آئے گی، روزگار لائے گی”۔
انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو گزشتہ تین دہائیوں میں آخری بار سب سے زیادہ نوکریاں اور روزگار کے مواقع سابق صدر آصف زرداری کی زیرِ قیادت عوامی حکومت میں ملے،
پی پی پی چیئرمین نے نوجوانوں کے عالمی دن کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رواں سال کی تھیم کی حمایت کی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا ، پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.