You are currently viewing نواز شریف کی اتحادی حکومت بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں کو دعوت

نواز شریف کی اتحادی حکومت بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں کو دعوت

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو ملک کے لیے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دے دی۔
کارکنوں سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ عام انتخابات میں (ن) لیگ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، ہم پر فرض بنتا ہے کہ ملک کو بھنور سے نکالیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم سب کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں چاہے وہ پارٹی ہے یا آزاد لوگ ہیں، سب کو دعوت دیتے ہیں کہ زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے آؤ ہمارے ساتھ بیٹھو، ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف خوشحال پاکستان ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ آپ کو معلوم ہے کس نے اس ملک کے لیے کیا کیا ہے؟ ہم نے کس طرح ملک کو معاشی مشکلات سے نکالا اور معیشت کو ٹھیک کیا، ہمیں مینڈیٹ ملا ہے ضروری ہے کہ سب پارٹیاں مل کر ملک کو اس بھنور سے نکالیں، یہ سب کا پاکستان ہے سب کو مل کر اس کو بھنور سے نکالنا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھاکہ سیاستدان، پارلیمنٹ، افواج پاکستان، میڈیا سب مل کر مثبت کردار ادا کریں، ملک میں استحکام کےلیے کم از کم 10سال چاہیے، پاکستان اس وقت کسی لڑائی کا متحمل نہیں ہوسکتا سب کومل کر بیٹھنا ہوگا اور معاملات طے کرنے ہوں گے۔
نواز شریف نے سادہ اکثریت نہ ہونے پر اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے شہباز شریف کو آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کا ٹاسک دیا ہے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.