You are currently viewing نوازشریف پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کریں گے، مسلم لیگ فرانس

نوازشریف پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کریں گے، مسلم لیگ فرانس

پیرس (رپورٹ: صاحبزادہ عتیق الرحمٰن) پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے سینئر رہنماؤں کے زیر اہتمام تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کی صدارت چیئرمین پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس راجہ علی اصغر نے کی، تقریب کو معروف کاروباری اور سیاسی شخصیت سردار ظہور اقبال نے آرگنائز کیا، تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور کمیونٹی کے کثیر افراد نے شرکت کی۔
تلاوت یاسر مردان اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم افتخار محمد نے پیش کی جبکہ تقریب کی نظامت کے فرائض میر قدیر نے سر انجام دئیے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی مجلس عاملہ کے رکن چوہدری نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو ہونے والے الیکشن میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنانے کےلیے آپ لوگوں کی مدد کی بے حد ضرورت ہے تاکہ پاکستان میاں نواز شریف کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔

سید جمال شاہ نے کہا کہ فروری میں ہونے والے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوگی اور انشاء اللہ پاکستان میں آئندہ ہونے والے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اکثریت حاصل کرکے حکومت بنائے گی، ان کا کہنا تھا کہ آج میری کوششوں سے پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس میں کئی افراد نے شمولیت اختیار کی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے رہنما راؤ طاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستان کو ضرورت پڑی نواز شریف نے ملک کو سنبھالا، ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پاکستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، نواز شریف نے پاکستان کو میگا پروجیکٹ دئیے، ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے پاکستانی عوام کے ساتھ جھوٹے وعدے کیے اور قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا گیا، آج قوم نے دیکھا کہ اللہ نے نواز شریف کو سرخرو کیا۔

مسلم لیگ (ن) فرانس کے رہنما حاجی نثار نے کہا کہ ہم انشاء اللہ اپنی پوری کوشش کریں گے کہ پاکستان کو دو تہائی اکثریت دلوائیں۔
حافظ آباد سے آئے مہمان اختر تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اکثریت حاصل کرے گی ۔
مشہور کاروباری شخصیت حاجی شبیر البدر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن) فرانس میں شمولیت کرکے خوشی ہورہی ہے۔
عمران دولتالہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے لیے جدوجہد کرتے رہیںگے ۔
پیرس فرانس کی معروف کاروباری شخصیت اور مسلم لیگ (ن) فرانس کے رہنما سردار ظہور اقبال نے خطاب میں کہا کہ آج کی تقریب کا انعقاد پاکستان میں ہونے والے الیکشن اور فرانس میں نئی ہونے والی تنظیم کے متعلق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئندہ ماہ ہونے والے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو چاہیے کہ وہ جہاں اور جس حلقے میں ہوں اپنے تمام اختلافات کو فراموش کرکے اپنے اپنے علاقوں کے امیدواروں کو کامیاب کروائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف جب بھی برسر اقتدار آتے ہیں تو پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو جاتا ہے اور کاروباری حلقے بھی میاں محمد نواز شریف کی آمد سے خوشی محسوس کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم فرانس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی از سر نو تنظیم کریں گے اور فرانس میں ایک ایسا پینل لے کر آئیں گے جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کو مضبوط کریں گے اور ہم انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو فرانس میں مضبوط جماعت کی حیثیت سے متعارف کرائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جو نیا پینل لیکر آئیں گے انشاء اللہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے لیے بے حد محنت کریں گے۔
انھوں نے تمام حاضرین خصوصاً میڈیا نمائندوں کی بھرپور شرکت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے چیئرمین راجہ علی اصغر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری پاکستان کے لیے ایک مشکل دن ہے، اس دن آپ نے پاکستان کے بہتر مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، اس دن آپ نے اخلاقیات کے مقابلے میں بدتمیزی، بداخلاقی اور گالم گلوچ کی سیاست کو دفن کردینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے اس ملک میں اس بری اور گندی سیاست کا خاتمہ کرنا ہے اور چور چور، ڈاکو ڈاکو کی تکرار کرنے والے نااہلوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے موٹر ویز، سڑکیں، میٹرو اور اورنج ٹرین، سی پیک، گوادر ان سب ترقی کے کاموں کو ملک میں جاری کیا۔
ملک دشمن اور نادان حلقوں نے ترقی کا راستہ روک دیا، آپ نے شیر پر مہر لگا کر پاکستان مسلم لیگ کو کامیاب کرانا ہے تاکہ پاکستان پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ جہاں جہاں بھی ہوں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں اور میاں محمد نواز شریف کو وزیراعظم بنائیں، ہر شخص کو پاکستان مسلم لیگ ن کی کامیابی کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم نے آئندہ صدارت کے لیے سردار ظہور اقبال کا نام تجویز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سردار ظہور اقبال پاکستانی کمیونٹی کا قابل فخر سرمایہ ہیں، انھوں نے بلا تخصیص ہر پاکستانی کی خدمت کی ہے اور بحیثیت صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔