You are currently viewing نواز شریف وزیراعظم بن کر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے، شہباز شریف

نواز شریف وزیراعظم بن کر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے، شہباز شریف

قصور (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا تختہ الٹا گیا لیکن اس نے سپہ سالار کو میر جعفر نہیں کہا، شہداء کو گالی نہیں دی، جادو ٹونے کا سہارا نہیں لیا، اپنا مقدمہ اللہ پر چھوڑا۔
قصور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مہربان نے کہا (ن) لیگ نے کراچی اور سندھ میں جلسہ نہیں کیا، سندھ میں میرے مہربان کی کارکردگی ہمارے جلسے کا کام کر رہی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے اس حلقے سے قومی اسمبلی کا امیدوار بنا کر مجھے خرید لیا ہے۔ کھڈیاں والو! نواز شریف کی قیادت میں ضلع قصور کو لاہور بنا دیں گے اور ہر چیز دیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج الیکشن مہم کا آخری جلسہ ہے۔ نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن کر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ایک طرف نواز شریف وطن سے محبت کرتے ہیں تو دوسری طرف ملک دشمنی ہے۔ ایک طرف اندھیرے تھے نواز شریف روشنی لائے۔
انھوں نے کہا کہ ایک طرف ایثار قربانی ہے، دوسری طرف لالچ اور پیسہ بٹورنے کی خواہش ہے۔ ایک طرف تحمل اور برداشت ہے، دوسری طرف تکبر اور رعونت ہے۔ ایک طرف 9 مئی کا واقعہ ہے، دوسری طرف 28 مئی والے نواز شریف بیٹھے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ حالیہ سالوں میں جب سیلاب آئے تو وہ دھرنے دیتے رہے، سازشیں کرتے رہے۔ ماضی میں جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا نواز شریف آگے بڑھ کر آئے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ 8 فروری کو آپ کو شیر پر مہر لگانا ہے، 9 فروری کو نیا سورج طلوع ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو موقع دیا تو پورے ملک میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیں گے۔
انھوں نے کہا کہ 8 فروری کا دن نوٹ کرلو، ترقی کو چن لو، ملک میں بے روزگاری کو ختم کرو۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.