اسلام آباد (ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملہ پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔
گزشتہ روز وزیر قانون فروغ نسیم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جوبے نتیجہ رہا، طویل اجلاس کے بعد بھی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ نہیں ہوسکا تھا تاہم اس بارے میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا آج اجلاس ہونا تھا جو کئی گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔
اس وقت کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس وزیر قانون فروغ نسیم کی زیر صدارت جاری ہے جس میں معاون خصوصی شہزاد اکبر اور سیکریٹری داخلہ بھی شریک ہیں جب کہ وزیر قانون فروغ نسیم شام 4 بجے اہم پریس کانفرنس میں حکومتی فیصلے کا اعلان کریں گے جس میں فردوس عاشق اعوان اور شہزاد اکبر بھی موجود ہوں گے۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر مشاورت کی ہے جس میں معاون خصوصی شہزاد اکبر اور سیکرٹری داخلہ نے شرکت کی تھی، حتمی سفارشات تیار کرکے وزیراعظم عمران خان اور کابینہ کو بھیجیں گے، جو بھی فیصلہ ہوگا اس سے باقاعدہ آگاہ کریں گے۔