اسلام آباد (ڈیسک) حکومت پاکستان نے نصرت لغاری کو امریکہ میں اوورسیز پاکستانیوں کا فوکل پرسن مقرر کردیا۔
نصرت لغاری گزشتہ پانچ سال سے امریکہ میں رہائش پذیر ہیں جو شعبہ صحافت سے وابستہ ہونے کے ساتھ پاکستانی کیمونٹی کی بھی امریکہ میں سرگرم رکن ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی وومن وونگ امریکہ کی صدر بھی ہیں۔ حکومت پاکستان نے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کو اہم ذمےداری سونپی۔
امریکہ کے اوور سیز پاکستانیوں کی فوکل پرسن مقرر ہونے پر ”نیوز پاکستان“ سے گفتگو کرتے ہوئے نصرت لغاری کا کہنا تھا کہ وہ حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ کی مشکور ہیں کہ انہوں نے اعتماد کیا، انہوں نے چوہدری ریاض کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ میں سب کی امیدوں پر پوری اتروں، امریکہ میں مقیم اپنے ہم وطنوں کے لیے آسانیاں پیدا کرسکوں اور ان کے کام آسکوں۔ واضح رہے کہ نصرت لغاری اوور سیز پاکستانیوں کی پہلی خاتون فوکل پرسن ہیں۔