فیصل آباد (ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور مزاحیہ اداکار، صدا کار، فلم ڈائریکٹر رنگیلا کی برسی (کل) بدھ کو منائی جائے گی۔
اس موقع پر رنگیلا کے لیے فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا جائے گا، فلم انڈسٹری کیلئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے سمیت ان کی فنی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔
مزاحیہ فلم اسٹار رنگیلا کا اصل نام سعید خان تھے، وہ فلم انڈسٹری میں رنگیلا کے نام سے معروف تھے، ان کا شمار پاکستانی فلم انڈسٹری کے بہترین کامیڈی اداکار میں ہوتا ہے۔
1956 میں پنجابی فلم چن ماہی سے شروع ہونے والے 4 دہائیوں پر محیط کیریئر میں 550 سے زیادہ فلموں میں پرفارم کیا۔
جب رنگیلا نے بطور پروڈیسر فلم طوفان تیار کی تو انہوں نے کمال احمد کی موسیقی میں گا میرے منو اگاتا جا رے، جانا ہے ہم کا دور گایا۔ جس نے فلم دیکھنے والوں کی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کیا، ان کا یہ گانا بھی بہت مقبول ہوا۔
سعید خان عرف رنگیلا نے تین بار شادی کی اور ان کی آٹھ بیٹیاں اور چھ بیٹے تھے، ان کی ایک بیٹی فرح دیبا ہے جو لاہور میں ایک سیاست دان ہیں، دوسری بیٹی امریکہ میں مقیم سی پی اے اکائونٹنٹ ہے جبکہ ان کے بیٹوں کامران اور جہانزیب نے کچھ فلموں میں اداکاری کی۔
رنگیلا کو گیارہ مرتبہ نگار ایوارڈ دیا گیا ان کو صدارتی تمغہ حسن کارکردگی بھی حاصل ہے۔ یاد رہے کہ رنگیلا 24مئی 2005 کو 68 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔