ملتان (ڈیسک) پنجابی فلموں کے نامور اداکارسلطان راہی کو ہم سے بچھڑے 27برس بیت گئے۔
سلطان راہی 80کے عشرے میں پنجابی فلموں کی معروف ہیرو رہے، وہ 1938میں بھارت کے شہر اترپردیش میں پیداہوئے تھے، قیام پاکستان کے بعد ان کاخاندان پاکستان منتقل ہوگیا۔
سلطان راہی نے 800 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کرکے ریکارڈقائم کیا جس کے باعث ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز کی کتاب میں بھی درج ہے، وہ 500 فلموں میں ہیروکے طورپرسامنے آئے اور پنجابی فلموں کو ایک نئی جہت سے متعارف کروایا۔
فلم مولاجٹ میں ان کاکردار ان کی لازوال پہچان بن گیا،فلم بین آج بھی ان کو مولا جٹ کے نام سے یاد کرتے ہیں۔
سلطان راہی کو 9جنوری 1996کو گوجرا نوالہ کے قریب جی ٹی روڈ پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیاتھا جنہیں آج تک گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
موت کے وقت بھی ان کی 54فلمیں زیرتکمیل تھیں اوریہ بھی ایک ریکارڈہے۔
ان کو لاہور میں 14 جنوری 1996 کو شاہ شمس قادری کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا۔
