ابوجا (ڈیسک) نائیجیریا کی شمال مغربی ریاست زمفارا میں درجنوں مسلح افراد نے ایک یونیورسٹی کے ہاسٹل سے کم از کم 24 طالبات سمیت 30 سے زائد افراد کو اغوا کر لیا ہے۔
اے ایف پی نیوز کے مطابق یونیورسٹی کے قریب رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا کہ جرائم پیشہ گروہوں کے بندوق بردار گذشتہ روز کو ریاست کے دارالحکومت گوسا سے باہر فیڈرل یونیورسٹی کے قریب سبون گیدا گاں پر حملہ کر کے تین خواتین ہاسٹلز کی 24 طالبات کو ساتھ لے گئے۔
نائیجیریا کے صدر بولا احمد تینوبو کے اقتدار میں آنے اور ملک کی سلامتی کے چینلجز سے نمٹنے کے وعدے کے بعد کسی اجتماعی اغوا کی یہ پہلی واردات بتائی جاتی ہے۔
سبون گیدا کے رہائشی صحابی موسی نے بتایا ہے کہ اغوا کار موٹر سائیکلوں پر گاں میں داخل ہوئے اور ہاسٹل میں گھس گئے اور کھڑکیاں توڑ کر طالبات کے کمروں تک پہنچ گئے۔
ریاست کی پولیس کے ترجمان یزید ابوبکر نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے اور بتایا ہے کہ سکیورٹی اہلکار طالبات کی رہائی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
