کوئٹہ(ڈیسک) نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے لئے کاغذات نامزدگی آج جمع کرائے جائیں گے جبکہ وزیر اعلیٰ کے لئے انتخاب ہو گا
بلوچستان اسمبلی سیکریٹریٹ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لئے شیڈول جاری کردیا ہے، وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار آج کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کے بعد آج ہی جمع کرائیں گے۔
اسمبلی اعلامیے کے مطابق انتخاب آئین کے آرٹیکل 130کی شق3 او4کے تحت عمل میں لایا جائے گا ۔
واضح رہے گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) اور (ق) لیگ کے منحرف اراکین اسمبلی نے صوبے کی وزارت اعلیٰ کیلئے سابق ڈپٹی اسپیکر میر عبد القدوس بزنجو کے نام پر اتفاق کیا تھا۔
عبدالقدوس بزنجو کے نام کا اعلان پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رہنما و سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی نے کیا اور دعوی کیا کہ قدوس بزنجو کو وزیر اعلی بنانے کیلئے مقابلے کی نوبت نہیں آئے گی تاہم اگر مقابلہ کرنا بھی پڑا تو ہم تیار ہیں۔
عبد القدوس بزنجو نے ان پر اعتماد کرنے پر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نواب ثناءاللہ ہمارے محترم ہیں، یہ ہمارا سیاسی حق تھا۔ حکومتی معاملات ٹھیک نہیں چل رہے تھے جس کے باعث تحریک عدم اعتماد لانا پڑی۔ جتنا بھی وقت ملا صوبے کی خدمت کریں گے