کراچی (ڈیسک)سابق آصف علی زرداری کا کہنا ہےکہ میں نیب اور جیل سے نہیں ڈرتا لیکن یہاں بلیک میلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
گڑھی خدا بخش میں سابق وزیرا عظم بےنظیر بھٹو کی شہادت کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ نیب چلا لو یا ملک چلا لو۔ میں نیب اور جیل سے نہیں ڈرتا لیکن یہاں بلیک میلنگ کا سلسلہ جاری ہے جس میں بزنس مین کو پریشان کیا جارہا ہے اسے بند کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تم سے ملک نہیں چل رہا اور میرا دعوی ہے کہ تم سے چلے گا بھی نہیں۔ جب تم مانتے ہوتو اقتدار کیوں نہیں چھوڑتے۔ آج دوبارہ الیکشن کروائے جائیں تو حقیقت معلوم ہوجائے گی۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہمارے دور میں لوگوں کے پاس روزگارتھا۔ ہمارے دور میں بہت سی مشکلات تھیں لیکن جمہوری حکومت نے اپنی مدت پوری کی۔ آج بھی میری کوشش ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک ساتھ جمع ہوں ،اس تبدیلی کے لیے سوچ بدلنا ہوگی لیکن ہمیں ایک دوسرے کو یہ نہیں بتانا کہ کیا کرنا چاہیے۔ ہمیں ایک دوسرے سے سیکھ کر آگے بڑھنا چاہیے۔ یہ حکومت نہیں رہے گی ، غریبوں اور دوستوں کا کام ہوگا۔ آپ اس یقین کے ساتھ چلیں کہ یہ حکومت گھر جائے گی۔
انہوں ںے کہا کہ بے نظیر نے امریکا میں کھڑے ہوکر کہا تھا کہ جمہوریت اصل انتقام ہے یہ بات بلاول نے بھی دہرائی۔ اس لیے ان سب کا حساب ہوگا لیکن جمہوریت کے ساتھ ان کا حساب لیا جائے گا۔